منگلورو،27/جون (ایس او نیوز) لاک ڈاؤن کی وجہ سے کویت میں پھنسے ہوئے162 مسافروں کو لے کرانڈیگو ایئر لائنس کا جو چارٹرڈ طیارہ آج شام 6.05 منٹ پر منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترنے والا تھا، اس کی اڑان تکنیکی بنیاد پر عین وقت پر منسوخ کردی گئی ہے جس کی وجہ سے سفر کے لئے تیار بیٹھے مسافروں کو مایوسی ہوئی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق اس چارٹرڈ فلائٹ کا انتظام کرناٹکا کیرالہ مسلم ایسو سی ایشن نے کیا تھااور اس طیارے کو آج صبح 11بجے کویت سے اڑان بھرنا تھا۔لیکن جب مسافر طیارے پر سوار ہونے کی پوری تیاریاں کرچکے تھے تو فلائٹ منسوخ کیے جانے کا پیغام جاری ہوا۔ ان مسافروں میں تین بہت ہی زیادہ بیمار افراد بھی شامل تھے۔ان سب کو نہ صرف مایوسی بلکہ انتہائی دشوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ بعض لوگوں نے گھر واپسی کے یقین کے ساتھ کویت میں اپنے رہائش گاہوں کے اگریمنٹ بھی ختم کرلیے ہیں۔اب ان کے لئے آئندہ فلائٹ کا شیڈول طے ہونے تک قیام کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
کرناٹکا کیرالہ مسلم ایسو سی ایشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تکنیکی وجہ سے فلائٹ منسوخ ہوگئی ہے۔ اب اس کی دوبارہ تاریخ طے ہونے تک جو لوگ ہمارے ساتھ بنے رہنا چاہتے ہیں وہ صبر کے ساتھ انتظار کریں اور جو لوگ اپنے ٹکٹ منسوخ کروانا چاہتے ہیں، وہ بے فکر رہیں، ان کی رقم واپس لوٹادی جائے گی۔بتایا جاتا ہے کہ اس طیارے کے لئے منگلورو میں لینڈنگ کی پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی جس کی وجہ سے حکومت نے اسے لینڈنگ سہولت فراہم نہیں کی اور نتیجے کے طور پر فلائٹ کو منسوخ کرنا پڑا۔